دوسالہ بچہ دریائی گھوڑے کے منہ سے زندہ نکل آیا

افریقہ میں ایک ایسا واقعہ پیش آیا جسے دیکھنے والے حیران رہ گئے، دیوہیکل جانور کے منہ کا نوالہ بننے والا موت کے منہ سے زندہ نکل آیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق افریقی ملکی یوگنڈا میں جھیل ایڈورڈ کے کنارے کھیلنے والے دو سالہ بچے پر وہاں موجود دریائی گھوڑے نے حملہ کردیا اور اسے ہڑپ کرنے کیلئے جبڑوں میں جکڑ لیا۔
دو سالہ بچہ اپنے گھر کے قریب اور جھیل کے کنارے سے تقریباً اس سے 800 گز دور تھا کہ اچانک دریائی گھوڑا تیزی سے جھیل سے باہر آیا اور اپنے جبڑے میں بچے کو دبوچ کر اسے نگلنا شروع کردیا۔
یہ خوفناک منظر وہاں موجود ایک مقامی شخص نے بھی دیکھا جس نے بغیر کوئی لمحہ ضائع کیے بغیر اس پر پتھر برسانے شروع کردیئے جس سے دریائی گھوڑے گھبرا گیا۔
جس کے بعد دریائی گھوڑا جو اس بچے کو آدھا اپنے حلق میں لے جا چکا تھا جھیل میں لے جانے کے بجائے بچے کو دوبارہ باہر اگل دیا اور پھر جھیل میں واپس چلا گیا۔
اس حوالے سے مقامی پولیس کا کہنا ہے کہ اس نوعیت کا یہ پہلا واقعہ ہے جب کسی دریائی گھوڑے نے جھیل سے باہر اتنی دور آکر کسی پر حملہ کیا ہو۔
رپورٹ کے مطابق دریائی گھوڑے کے حملے سے بچہ شدید زخمی ہوگیا تھا تاہم اسے فوری طور پر طبی امداد کے لیے مقامی اسپتال میں منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اس کی حالت کو خطرے سے باہر بتایا ہے۔