پولیس کا سابق وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الہٰی کے گھر پر چھاپہ

گجرات میں کنجاہڑی میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی کے گھر پر پولیس نے چھاپہ مارا ہے، پولیس کی بھاری نفری نے پرویز الہٰی کے گھر کو گھیرے میں لے لیا۔ پرویز الہیٰ گجرات والے گھر پر موجود نہیں تھے جبکہ مونس الہیٰ ملک سے باہر ہیں۔
تفصلات کے مطابق پولیس سیڑھیاں لگا کرکنجاڑی ہاؤس میں داخل ہوئی، پولیس کی جانب سے چوہدری پرویزالہٰی کے گھر کی حفاظت پر مامور ملازمین کو حراست میں لیا گیا ہے، پولیس پرویزالہٰی کے گھر کی تلاشی کے بعد واپس چلی گئی۔
رپورٹس مطابق پولیس کی جانب سے اب تک پرویز الہٰی کے گھر پرچھاپے سے متعلق کوئی تفصیلات جاری نہیں کی گئی ہیں اور نہ ہی کسی قسم کی کوئی تردید یا تصدیق کی گئی ہے۔
اپنی رہائش گاہ کنجاڑی ہاؤس پر چھاپے سے متعلق سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
چوہدری پرویز الٰہی کا کہنا ہے کہ چھاپے سے متعلق کچھ نہیں بتایا گیا، پولیس کی جانب سے ملازمین کی تلاشی لی گئی اور انہیں ہراساں کیا گیا۔
سابق وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا ہے کہ گھر پر چھاپے کے خلاف قانونی کارروائی کریں گے، گھسے پٹے سیاست دان ایسی حرکتیں کرتے ہیں، حکومت ہمیں پکڑنے کے بجائے دہشتگردوں کو پکڑے۔