بجلی کی قیمتوں میں مرحلہ وار اضافے کی تجویز

آئی ایم ایف کے دباؤ کے پیش نظر پاورڈویژن نے بجلی کے ٹیرف میں 6 روپے 79 پیسے تک اضافے کی تجویز دے دی ہے۔
رپورٹس کے مطابق آئندہ پانچ ماہ میں بجلی کی قیمتوں میں مرحلہ واراضافے کے ساتھ ہی رواں ماہ سہہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی 4 روپے 46 پیسے تک مہنگی کرنے تجویز دی گئی ہے۔
فروری میں ہی ٹیرف میں اوسطاً اضافہ 3 روپے21 پیسے تک بنے گا، مارچ میں سہہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں 69 پیسے تک اضافے کے ساتھ ہی جون میں بجلی کی فی یونٹ قیمت میں 1 روپے 64 پیسے اضافے کی تجویزدی گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق توانائی شعبے کے گردشی قرض کوکم کرنے کیلئے تجاویز تیارکی گئیں ہیں، جبکہ پاور ڈویژن کی جانب سے آئی ایم ایف حکام کو بریفنگ بھی دی گئی ہے۔
اس کے علاوہ پاورڈویژن نے لائن لاسز اوردیگر نقصانات کو کم کرنے کیلئے حکمت عملی بھی پیش کی جبکہ مذاکرات کے حتمی راؤنڈ میں قیمتوں پر تجاویز کو فائنل شکل دی جائے گی۔