مشفق الرحیم نے ٹوئنٹی 20 انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا

بری کارکرکردگی کے باعث ایشیا کپ سے اپنی ٹیم کے غیر متوقع طور پر باہر ہونے کے تین روز بعد بنگلہ دیش کے سابق کپتان مشفق الرحیم نے ٹوئنٹی 20 انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری اپنے ایک بیان میں 35 سالہ مشفیق الرحیم نے کہا کہ آج میں ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر رہا ہوں۔
انہوں نے مزید کہا کہ میں ٹیسٹ اور ون ڈے فارمیٹس میں فخر کے ساتھ بنگلہ دیش کی نمائندگی کرتا رہوں گا۔
 
سابق کپتان نے کہا کہ میں پرامید ہوں کہ ان دونوں فارمیٹس میں اپنی قوم کے لیے کامیابیاں حاصل کرسکتا ہوں۔
مشفق الرحیم نے مزید کہا کہ وہ بنگلہ دیش پریمیئر لیگ سمیت دیگر ٹوئنٹی 20 فرنچائز ٹورنامنٹس میں حصہ لیتے رہیں گے۔
مشفق الرحیم کی جانب سے ریٹائرمنٹ کا اعلان متحدہ عرب امارات میں افغانستان اور سری لنکا کے خلاف ایشیا کپ میں بنگلہ دیش کی گروپ بی کے میچوں میں شکست کے بعد سامنے آیا ہے جب کہ ان دونوں میچوں کے دوران انہوں نے صرف پانچ رنز بنائے۔
اس ایشیا کپ ٹورنامنٹ میں ہی ان کی ٹیم میں واپسی ہوئی تھی جب کہ ویسٹ انڈیز اور زمبابوے کے خلاف گزشتہ 2 سیریز کے دوران وہ اسکواڈ کا حصہ نہیں تھے ۔
انہوں نے بنگلہ دیش کے لیے 102 ٹوئنٹی 20 میچ کھیلے اور 19.48 کی اوسط سے 1500 رنز بنائے۔
مشفق الرحیم نے 102 میچوں میں سے 23 میچوں میں ٹیم کی قیادت کی، ان کی کپتانی میں کھیلے گئے 23 میچوں میں سے 8 میں بنگلہ دیش کامیاب رہا۔
مشفق الرحیم، حالیہ مہینوں میں ٹی ٹوئنٹی سے ریٹائر ہونے والے دوسرے سینئر بنگلہ دیشی کرکٹر ہیں جب کہ ان سے قبل تمیم اقبال بھی ریٹائرمنٹ کا اعلان کرچکے ہیں۔
گزشتہ سال ہونے والے ٹی 20 ورلڈ کپ کے بعد بنگلہ دیش ختصر ترین فارمیٹ کے 12 میچوں میں سے صرف دو میچ جیتنے میں کامیاب ہوسکا ہے۔