خاتون جج کو دھمکی دینے کے کیس کی سماعت انسداد دہشت گردی کی عدالت میں ہوئی، جہاں فاضل جج کے حکم پر ملزم عمران خان عدالت میں پیش ہو گئے۔
اسلام آباد کی انسدادِ دہشت گردی کی عدالت کے جج راجہ جواد عباس کیس کی سماعت کر رہے ہیں۔
دوبارہ سماعت کے دوران پراسیکیوٹر راجہ رضوان عباسی نے عدالت کو بتایا کہ عمران خان نے ابھی تک تفتیش جوائن نہیں کی ہے۔
عمران خان کے وکیل بابر اعوان نے کہا کہ تفتیشی افسر کے پاس عمران خان کا بیان موجود ہے، پراسیکیوٹر بتائیں کہ انہوں نے ٹائم لینا ہے یا بحث کرنی ہے؟
اسپیشل پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ جے آئی ٹی نے عمران خان کو 3 نوٹسز بھجوائے کہ عمران خان تفتیش کے لیے پیش ہو جائیں۔
بابر اعوان نے کہا کہ پراسیکیوٹر قانون کی جس سیکشن کا حوالہ دے رہے ہیں اس میں ملزم نہیں، گواہوں کا ذکر ہے، یہ کہاں لکھا ہے کہ پولیس کے سامنے پیش ہو کر ہی شاملِ تفتیش ہونا ہے؟






