عمرہ زائرین کو 18 جون تک مکہ سے نکلنا کا حکم

سعودی وزارت حج و عمرہ نے کہا ہے کہ عمرہ زائرین کو 18 جون (29 ذی قعدہ 1444ھ) تک مکہ مکرمہ سے نکلنا ہوگا۔ عرب میڈیا کے مطابق سعودی وزارت حج و عمرہ نے اپنے ایک بیان میں واضح کیا ہے کہ عمرہ زائرین کو 18 جون تک مکہ مکرمہ سے نکلنا ہوگا جبکہ 4 جون 2023 عمرہ پرمٹ کے اجرا کی آخری تاریخ تھی۔ یاد رہے کہ سعودی وزارت داخلہ کے روٹ ٹو مکہ اقدام کے تحت پاکستان، بنگلہ دیش، ملائیشیا، ترکیہ، آئیوری کوسٹ اور انڈونیشیا سے حج عازمین سعودی عرب پہنچنا شروع ہوچکے ہیں، روٹ ٹو مکہ انشیٹو کے تحت آنے والوں کی امیگریشن کارروائی ان کے اپنے ملک میں کی جاتی ہے۔ سعودی عرب اور متعلقہ ملک کی مشترکہ ٹیمیں امیگریشن، کسٹم اور صحت ضوابط کے حوالے سے کارروائی مکمل کرکے حج پروازویں روانہ کرارہی ہیں۔ واضح رہے کہ ہزاروں کی تعداد میں عازمین حج مدینہ منورہ پہنچ چکے ہیں، جہاں سے وہ مکہ مکرمہ روانہ ہوں گے۔