ایک تجربے سے پاکستان کو اقتصادی طور پر بہت بڑا نقصان ہوا: اسحاق ڈار

وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا ہے میرا ایمان ہے کہ پاکستان ڈیفالٹ ہونے والا ملک نہیں ہے، عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے معاہدہ ہو چکا ہے، ہمیں ترقی سے کوئی نہیں روک سکتا، ایک تجربے سے پاکستان کو اقتصادی طور پر بہت بڑا نقصان ہوا۔ لاہور میں وزیر اعظم شہبباز کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے اسحاق ڈار کا کہنا تھا پچھلے 10 روز میں ہم نے آئی ایم ایف کو آمادہ کر لیا، ہم چاہتے تھے کہ آئی ایم ایف کا پروگرام 9 ماہ سے زیادہ نہ ہو، وزیراعظم قوم پر 215 ارب روپے کا ٹیکس لگانے سے ہچکچا رہے تھے۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ وزیراعظم نے آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے میں بہت دلچسپی لی، آئی ایم ایف پروگرام پر دستخط ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اقتصادی طور پر بہت بڑا نقصان ہوا، کچھ لوگ ملک کے اندر اور باہر مایوسی پھیلاتے رہے، اللہ کا شکر ہے ہم نے ہر ادائیگی وقت پر کی۔ سینیٹر اسحاق ڈار کا کہنا تھا یہ میرا ایمان ہے کہ پاکستان ڈیفالٹ ہونے والا ملک نہیں ہے، پاکستان سری لنکا بننے والا ملک نہیں ہے، اگر آئی ایم ایف نہ بھی ہوتا تو ہمارا دوسرا پلان تھا، پلان بی میں بھی ہم نے ڈیفالٹ نہیں کرنا تھا، جو تباہی ہوئی ہے اسے ریکور کرنا ہے، رونے دھونے سے کچھ نہیں ہو گا، ہم اپنے تمام وعدے ان شا اللہ پورے کریں گے۔