نگران وزیراعلیٰ بلوچستان میرعلی ڈومکی نے حلف اُٹھا لیا

نگران وزیراعلیٰ بلوچستان میرعلی مردان ڈومکی نے اپنے عہدے کا حلف اُٹھا لیا۔ بلوچستان کے نگران وزیراعلیٰ میرعلی مردان ڈومکی نے عہدے کا حلف اٹھا لیا، گورنر ہاؤس بلوچستان میں منعقدہ تقریب میں گورنربلوچستان عبدالولی خان کاکڑ نے ان سے حلف لیا۔ خیال رہے کہ نگران وزیراعلی بلوچستان میرعلی ڈومکی کے نام پر حکومت اور اپوزیشن کی جانب سے پارلیمانی کمیٹی میں اتفاق ہوگیا تھا۔ میر علی ڈومکی کون؟ میرعلی مردان ڈومکی کا تعلق بلوچستان کےعلاقے لہڑی سے ہے اور وہ سابق سینیٹر میر حضور بخش ڈومکی کے بیٹے ہیں، وہ 13 اکتوبر 1972 کو پیدا ہوئے، ان کے والد حضور بخش ڈومکی 1975 سے 1977 تک سینیٹر رہے۔ انہوں نے علامہ اقبال یونیورسٹی اسلام آباد سے سوشیالوجی میں ماسٹرز کیا اور وہ تحصیل ناظم لہڑی اور ضلع ناظم سبی بھی رہ چکے ہیں، علی مردان کے بھائی دوستین ڈومکی رکن اسمبلی اور وزیر مملکت رہ چکے ہیں۔