سربراہ پاک بحریہ کا پی اے ایف ایئر وار کالج کراچی کا دورہ

آئی ایس پی آر کے مطابق سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل نوید اشرف نے پی اے ایف ایئر وار کالج کراچی کا دورہ کیا ہے۔ اس موقع پر انہوں نے پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ تربیت، تعلیمی معیار اور جدید جنگی تیاریوں کو سراہا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چیف آف دی نیول اسٹاف… اس موقع پر ایئر وار کورس کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف نے زوردیا کہ جدید جنگ میں کامیابی کی بنیاد عملی تیاری ہے۔ سربراہ پاک بحریہ نے مشرقی محاذ پر حالیہ پیش رفت کا حوالہ دیتے ہوئے مسلسل تیاری اورحکمتِ عملی کی دوراندیشی کی ضرورت کو اجاگر کیا اور ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کی قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاک فضائیہ کی جدید کاری اور ٹیکنالوجی کے فوری انضمام نے اس کی آپریشنل تیاری کو نمایاں طور پر بہتر بنایا ہے اور خطے میں دفاعی توازن کو نئی جہت دی ہے۔ چیف آف نیول اسٹاف نے مزید کہا کہ پاکستان نیوی کی جنگی صلاحیتوں میں سطحی، زیرِ سطح اور فضائی شعبوں میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، جس سے بحریہ ایک زیادہ چابکدست اور طاقتور فورس بن چکی ہے۔ نیول چیف نے قومی دفاع کی مربوط حکمتِ عملی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے افواجِ پاکستان کے مابین باہمی اشتراک کی ضرورت کو اجاگر کیا۔ اس ضمن میں ایڈمرل نوید اشرف نے پاک فضائیہ کے ساتھ مشترکہ آپریشنز کی مشقوں کے زیادہ بار اور مربوط انعقاد کا اعلان کیا۔ انہوں نے موجودہ تنازعات میں ٹیکنالوجی کی انقلابی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے بغیر پائلٹ فضائی نظام کی بڑھتی ہوئی افادیت کا ذکر کیااور نیشنل ایرو اسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک اور پاکستان میری ٹائم سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک کے درمیان آئندہ اسٹریٹجک شراکت داری کا اعلان کیا، جو ملکی سطح پربغیرپائلٹ نظاموں کی ترقی پرمرکوز ہوگی، جس سے دفاعی شعبے میں پاکستان کی خود انحصاری اورآپریشنل برتری کو تقویت ملے گی۔