سیالکوٹ انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر فضائی آپریشن بحال کر دیا گیا

سیالکوٹ انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر تمام تر فضائی آپریشن آج شام 6 بجے سے مکمل طور پر بحال کردیا جائے گا۔ ایئرپورٹ کے ترجمان محمدعمیرخان کے مطابق حالیہ سیلابی صورتحال کے پیشِ نظرایئرپورٹ پرتمام فلائٹ آپریشنز کوعارضی طورپرمعطل کیا گیا تھا تاہم اب صورتحال میں بہتری آنے کے بعد نوٹم (NOTAM) کو منسوخ کردیا گیا ہے۔ ترجمان نے بتایا کہ فضائی آپریشن کی معطلی کے دوران ایئرپورٹ سے سیلابی پانی کے اخراج کا عمل جاری رہا، جس کے بعد رن وے، ٹرمینل اوردیگرآپریشنل شعبہ جات کومکمل طور پرمحفوظ قراردے دیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایئرپورٹ پرنصب تمام آلات مکمل طور پرمحفوظ ہیں اورکسی بھی قسم کا تکنیکی نقصان نہیں ہوا۔ محمد عمیرخان نے مزید کہا کہ مسافروں کی سہولت اور پروازوں کی بحالی کے لیے ایوی ایشن اتھارٹی اورایئرپورٹ انتظامیہ نے مربوط اقدامات کیے ہیں، جن کے باعث فلائٹ شیڈول اب معمول کے مطابق جاری رکھا جائے گا۔ ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق متعلقہ ایئرلائنزکو فلائٹ بحالی سے متعلق آگاہ کردیا گیا ہے۔ خیال رہے کہ گزشتہ دنوں پہلے بھارت اورچین کے درمیان براہِ راست پروازیں بحال کرنے اورسرحدی تجارت دوبارہ شروع کرنے پر اتفاق ہوگیا۔ غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق بھارتی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بھارت اور چین کے درمیان پانچ سال بعد پروازیں بحال کی جائیں گی۔ دونوں ممالک کے درمیان بارڈر ٹریڈ بھی دوبارہ شروع کرنے پراتفاق کیا گیا ہے، دونوں ممالک کے درمیان تجارت تین مخصوص تجارتی راستوں کے ذریعے کی جائے گی۔