آئی ایم ایف کے ساتھ جاری مذاکرات کے پیش نظر ایف بی آر کو اگلے دو ہفتوں میں 1100 ارب روپے اکٹھے کرنے کا بڑا چیلنج درپیش ہے۔ ذرائع کے مطابق پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان دوسرے اقتصادی جائزے کے دوران ریونیو ہدف پر سخت بات چیت متوقع ہے۔ اس سلسلے میں جولائی تا ستمبر کے لیے ریونیو ہدف 3 ہزار 83 ارب روپے مقرر کیا گیا ہے، جس کے حصول کے لیے ایف بی آر کو اگلے دو ہفتوں میں 1100 ارب روپے جمع کرنا ہوں گے۔ ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات سے قبل اس ہدف کے حصول کے لیے ایف بی آر کو 21 فیصد ریونیو گروتھ درکار ہے، حالانکہ جولائی تا اگست کے دوران گروتھ صرف 15 فیصد رہی ہے۔ ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ حالیہ سیلابی صورتحال اور یوٹیلیٹی بلز کے مسائل نے ریونیو گروتھ پر منفی اثر ڈالا ہے، جس کی وجہ سے مقررہ ہدف حاصل کرنا مزید مشکل ہو گیا ہے۔
