صدر مملکت آصف علی زرداری چینی حکومت کی دعوت پر ایک 10 روزہ سرکاری دورے کے لیے چین روانہ ہوگئے۔ اس دورے کے دوران وہ دونوں ممالک کے درمیان سیاسی، اقتصادی اور سفارتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ پر بھی بات چیت کریں گے۔ ترجمان کے مطابق صدر مملکت چینی حکومت کی دعوت پر دورہ کر رہے ہیں، صدر آصف زرداری 21 ستمبر تک چین کے مختلف علاقوں کا دورہ کریں گے۔ دورے کے دوران وہ چین کی اعلیٰ قیادت اور صوبائی حکام سے ملاقاتیں کریں گے جن میں پاک چین تعلقات کے مزید فروغ پر بات چیت ہوگی۔ صدر کا یہ دورہ پاک چین تعلقات کو نئی جہت دینے میں سنگ میل ثابت ہوگا۔ صدر مملکت آصف علی زرداری چین کے مختلف شہروں شنگڈو، شنگھائی اور سنکیانگ کا دورہ کریں گے۔ صدر آصف علی زرداری کی صوبائی قیادت سے ملاقاتیں بھی طے ہیں۔ جن میں دوطرفہ تعلقات، عالمی فورمز پر تعاون، اقتصادی و تجارتی شراکت داری، سی پیک اور مستقبل کے منصوبے زیر بحث آئیں گے۔
