عاصم اظہر نے سوشل میڈیا چھوڑدیا، وجہ کیا بنی؟

پاکستان کے معروف پاپ گلوکار عاصم اظہر نے ایک بار پھر مداحوں کو حیران کر دیا ہے۔ گلوکار نے اچانک اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ سے تمام پوسٹس ڈیلیٹ کر دیں اور صرف ایک مختصر مگر معنی خیز اسٹوری چھوڑی — “خدا حافظ”۔ عاصم کے انسٹاگرام پیج پر اب کوئی پوسٹ موجود نہیں، جس سے مداحوں میں چہ مگوئیاں شروع ہو گئی ہیں۔ ان کے اس اچانک قدم پر سوشل میڈیا پر مختلف قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں، تاہم گلوکار نے تاحال اس فیصلے کی کوئی وضاحت نہیں دی۔ یہ پیش رفت اسلام آباد میں عاصم اظہر کے حالیہ لائیو کنسرٹ کے بعد سامنے آئی ہے، جہاں انہوں نے شو کے تاخیر سے شروع ہونے پر منتظمین پر تنقید کی تھی۔ ان کے تبصرے نے مداحوں کے ساتھ ساتھ شوبز حلقوں میں بھی بحث چھیڑ دی۔ چند روز قبل عاصم اداکارہ یشما گل کی سالگرہ کی تقریب میں بھی نظر آئے، جہاں وہ ہانیہ عامر کے ساتھ وائرل گانے “پل پل” پر لطف اندوز ہوتے دکھائی دیے۔ یہ پہلا موقع نہیں جب عاصم نے سوشل میڈیا سے غائب ہونے کا فیصلہ کیا ہو گزشتہ سال اپنے البم ’بے مطلب‘ کے اجرا سے قبل بھی انہوں نے تمام پوسٹس ڈیلیٹ کر دی تھیں۔ جو بعد میں ایک پبلسٹی حکمتِ عملی کے طور پر سامنے آئی۔اب مداح اس بات پر غور کر رہے ہیں کہ آیا ”خدا حافظ“ کا یہ پیغام کسی نئے البم، برانڈ ریبرانڈنگ، یا گلوکار کے ذاتی جذبات کی عکاسی کرتا ہے۔ ہر کوئی عاصم کے اگلے قدم کا انتظار کر رہا ہے اور سوشل میڈیا پر بحث جاری ہے کہ یہ خاموشی کس معنٰی میں ہے۔ کہیں یہ کسی آنے والے طوفان کی علامت تو نہیں ہے۔