امریکا کی ایران سے تجارت پر ٹیرف دھمکی، چین کا سخت ردعمل

چین نے امریکا کی ایران سے تجارت کرنے والے ممالک پر پابندیوں کی مخالفت کردی ہے۔ رپورٹ کے مطابق چین نے امریکی انتظامیہ کے ایران کے بارے میں نقطہ نظر پر تنقید کی ہے اور مظاہروں کے دوران بڑھتی ہوئی کشیدگی کے پیشِ نظر یکطرفہ دباؤ سے خبردار کیا ہے۔ واشنگٹن میں چینی سفارت خانے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بیجنگ کسی بھی غیر قانونی یکطرفہ پابندیوں اور طویل دائرہ اختیار کے نفاذ کی سخت مخالفت کرتا ہے اور اپنے مفادات کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات کرے گا۔ چینی سفارتخانے کے ایک ترجمان نے کہا کہ چین کی موقف یکطرفہ محصول عائد کرنے کے خلاف واضح اور مستقل ہے۔ ٹیرف کی جنگوں اور تجارتی جنگوں میں کوئی فاتح نہیں ہوتا، اور دباؤ یا جبر سے مسائل حل نہیں کیے جا سکتے۔ چین کا بیان اس وقت سامنے آیا ہے جب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے تہران پر دباؤ بڑھاتے ہوئے کہا تھا کہ وہ ممالک جو ایران کے ساتھ تجارتی تعلقات رکھیں گے، ان پر 25 فیصد محصول عائد کیا جائے گا۔ اس اقدام کا اطلاق فوری طور پر ہوگا۔ دوسری جانب ایران میں جاری احتجاج اور بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث امریکا نے اپنے شہریوں کو فوری طور پر ملک چھوڑنے کی ہدایت جاری کر دی۔ ایران میں امریکی سفارت خانے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ مظاہروں کی شدت میں اضافہ ہو رہا ہے، جو مزید تشدد کی صورت اختیار کر سکتے ہیں، جس کے نتیجے میں گرفتاریوں اور زخمی ہونے کے واقعات کا خدشہ ہے۔ امریکی حکام نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ اگر ممکن ہو تو زمینی راستوں کے ذریعے آرمینیا یا ترکیہ کے راستے ایران سے نکل جائیں۔