نومولود بچوں میں ایک حیرت انگیز صلاحیت ہوتی ہے، انکشاف

یقین کرنا مشکل ہوگا مگر نومولود بچوں بھی موسیقی کو سمجھنے کی صلاحیت رکھتے ہیں یا کم از کم میوزک میں ردہم یا آہنگ کی توقع کرتے ہیں۔ یہ دلچسپ دعویٰ اٹلی میں ہونے والی ایک تحقیق میں سامنے آیا۔ اٹالین انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کی اس تحقیق میں بتایا گیا کہ ماں کے پیٹ میں ہی بچے 8 یا 9 ماہ کی عمر میں موسیقی پر ردعمل ظاہر کرنا شروع کر دیتے ہیں۔ تحقیق میں بتایا گیا کہ سابقہ تحقیقی رپورٹس سے یہ بات ثابت ہوئی تھی کہ پیدائش سے قبل ہی بچوں میں موسیقی کی سمجھ پیدا ہو جاتی ہے، مگر یہ واضح نہیں تھا کہ پیدائش کے بعد کب ان کے دماغ موسیقی کو پراسیس کرنا شروع کرتے ہیں۔ اس تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ نومولود بچے موسیقی کے آہنگ سے جڑے پیٹرن کی پیشگوئی کرسکتے ہیں۔ محققین نے بتایا کہ تحقیق سے عندیہ ملتا ہے کہ ردہم کو سمجھنا ہماری فطرت کا حصہ ہوتا ہے، البتہ سُروں کو سمھنے کے لیے باشعور ہونا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہی وجہ ہے کہ دنیا کے مختلف خطوں یا ثقافتوں میں سُروں کا استعمال مختلف انداز سے ہوتا ہے جبکہ آہنگ یا لے لگ بھگ ایک جیسے ہوتے ہیں۔ اس تحقیق کے لیے ماہرین نے ای ای جی کو استعمال کرکے نومولود بچوں کی دماغی سرگرمیوں کا ڈیٹا استعمال کیا۔ سوتے ہوئے بچوں کے کانوں پر ائیرفونز لگا کر موسیقی کو پلے کیا گیا جبکہ دیگر آوازیں بھی سنائی گئیں۔ تحقیق میں کمپیوٹر ماڈلز کو استعمال کرنے پر دریافت ہوا کہ بچے موسیقی کے آہنگ کو سمجھنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ اس تحقیق کے نتائج جرنل پلوس بائیولوجی میں شائع ہوئے۔

کیٹاگری میں : صحت