لاہور ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 11 میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے راولپنڈیز کو با آسانی 7 وکٹوں سے ہرا دیا۔ لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلےگئے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے ٹاس جیت کر راولپنڈیز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ راولپنڈیز نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹ پر 156 رنز اسکور کیے۔ کامران غلام نے 50 ، ڈیان فورسٹر نے 44رنز کی اننگز کھیلیں۔ اس کے علاوہ محمد رضوان 2، ڈیرل مچل 19 اور عبداللہ فضل نے 23 رنز اسکور کیے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے رچرڈ گلیسن ، فہیم اشرف اور سلمان ارشاد نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ جواب میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے 157 رنز کا ہدف با آسانی 3 وکٹوں کے نقصان پر15ویں اوور میں حاصل کرلیا۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے سمیر منہاس36 گیندوں پر 70 رنز بناکر نمایاں رہے، حیدر علی 26 اور مارک چیمپمین 24 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔اس کے علاوہ ڈیون کونوے 6 اور محمد فائق نے 19 رنز بنائے۔ یوں اسلام آباد یونائیٹڈ نے ایونٹ میں دوسری کامیابی اپنے نام کی۔ پوائنٹس ٹیبل کی بات کریں تو کراچی کنگز اپنے تینوں میچز جیت کر 6 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر موجود ہے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ 4 میچز میں 2 میں کامیابی اور ایک میں شکست کے ساتھ 5 پوائنٹس کے ساتھ دوسری پوزیشن پر ہے۔ اسلام آباد کا ایک میچ بارش کی نذر ہوگیا تھا۔






