شمالی کوریا کے آئین میں تبدیلی کی گئی ہے جس کے تحت کم جونگ اُن کو سربراہ مملکت قرار دے دیا گیا ہے۔ جنوبی کوریا کی خبر ایجنسی کے مطابق نظرثانی شدہ آئین کے تحت شمالی کوریا کے ریاستی امور کے کمیشن کے سربراہ کم جونگ اُن کے اختیارات میں اضافہ کرتے ہوئے ان کو باضابطہ طور پر سربراہ مملکت قرار دیا گیا ہے۔ اب وہ سپریم پیپلز اسمبلی سے بھی زیادہ اختیارات رکھتے ہیں۔ خبر ایجنسی کے مطابق نظرثانی شدہ آئین کے تحت کم جون اُن کو ملک کی نیوکلیئر فورس کی کمان کا بھی واضح اختیار دیا گیا ہے اور وہ یہ اختیار کسی اور ادارے کو منتقل بھی کرسکتے ہیں۔ آئین میں شمالی کوریا کو ایک ذمہ دار جوہری ریاست قرار دیا گیا ہے اور کہا گیا ہےکہ قومی سلامتی اور جنگ سے بچاؤ کے لیے جوہری پروگرام جاری رکھا جائےگا۔ نظرثانی شدہ آئین میں سپریم پیپلز اسمبلی کے اس اختیار کو بھی ختم کر دیا گیا ہے کہ جس کے تحت وہ ریاستی امور کے کمیشن کے سربراہ کو عہدے سے ہٹاسکتی تھی، اس سے اسمبلی کی نگرانی کا کردار عملاً ختم ہوگیا ہے۔






