میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کی مشکلات میں اضافہ، کاغذات نامزدگی چیلنج

ضمنی بلدیاتی انتخابات کے سلسلے میں مرتضیٰ وہاب کی مشکلات کم نا ہوسکیں، سٹی کورٹ الیکشن ٹریبیونل غربی کی عدالت میں میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کے ضلع کیماڑی سے کاغذات نامزدگی کو جماعت اسلامی و تحریک انصاف کی جانب سے چیلنج کر دیا گیا۔ جماعت اسلامی کے امیدوار برائے چیئرمین یوسی 3 ماڑی پور محمد حسین نے عثمان فاروق ایڈوکیٹ کے توسط سے الیکشن ٹریبیونل میں دائر درخواست میں موقف اپنایا ہے کہ مرتضیٰ وہاب ماڑی پور یوسی 3 کے ووٹر ہیں اور نہ ہی رہائشی۔ ریٹرننگ افسر کی جانب سے مرتضیٰ وہاب کے کاغذات نامزدگی کی منظوری غیر قانونی ہے کیونکہ سندھ لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2013 کے مطابق امیدوار کا وارڈ یا کونسل میں رجسٹرڈ ووٹر ہونا ضروری ہے۔ درخواست گزار کے مطابق ریٹرننگ افسر کو اپنے اعتراض سے آگاہ کیا لیکن ریٹرننگ افسر نے کارروائی نہیں کی لہٰذا الیکشن ٹریبیونل ریٹرننگ افسر کے غیر قانونی اقدام کو کالعدم قرار دے اور مرتضیٰ وہاب کے کاغذات نامزدگی کو مسترد کیا جائے۔ دوسری جانب، تحریک انصاف کے امیدوار زاہد جدون اور ساجد نیازی نے الیکشن ٹریبیونل میں فاران سردار ایڈوکیٹ کے توسط سے دائر درخواست میں موقف اپنایا ہے کہ مرتضیٰ وہاب ضلع کیماڑی سے بلدیاتی انتخابات میں حصہ لینے کے اہل نہیں ہیں۔ بلدیاتی قوانین کے مطابق امیدوار کے لیے متعلقہ کونسل کا رجسٹرڈ ووٹر ہونا لازمی ہے۔ درخواست میں استدعا کی گئی مرتضیٰ وہاب کے کاغذات نامزدگی کے مطابق ان کا پتہ ضلع جنوبی کا ہے لہٰذا ضلع کیماڑی سے ضمنی الیکشن کے کاغذات نامزدگی مسترد کیے جائیں۔