جب تک خطے میں امن قائم نہیں ہوگا تب تک ترقی نہیں ہوگی: وزیر اعلیٰ جی بی

وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان میں بڑے عرصے سے بدامنی کا سامنا رہاہے، جب تک خطے میں امن قائم نہیں ہوگا تب تک ترقی نہیں ہوگی۔ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حاجی گلبر خان کا کہنا تھا کہ سابقہ ادوار میں گلگت بلتستان میں بدامنی اور فرقہ واریت انتہاء کو پہنچی تھی اور تقریباً ایک ماہ تک کرفیو نافذ کرنا پڑا۔ اس وقت کی حکومت ، علمائے کرام اور عمائدین کے تعاون سے بدامنی کو ختم کرانے میں اور علمائے کرام کو ایک میز پر بٹھانے میں کامیاب ہوئے ۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ دنوں بھی گلگت بلتستان میں بدامنی پھیلانے کی کوشش کی گئی خاص کر سوشل میڈیا کے ذریعے گلگت بلتستان میں ایک مرتبہ پھر فرقہ واریت پھیلانے کی ناکام کوشش کی گئی لیکن صوبائی حکومت، قانون نافذ کرنے والے ادارے، علمائے کرام، صحافیوں اور گلگت بلتستان کے عوام کی بھرپور کوششوں اور انہی کاوشوں کی وجہ سے گلگت بلتستان کے حالات بہتر ہوگئے۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان نے کہا کہ ہماری کوشش ہوگی کہ گلگت بلتستان میں امن قائم کرنے کےلئے ماحول فراہم کریں۔ ہمارے دور اقتدار میں ہماری یہی کوشش ہوگی کہ علمائے کرام، عمائدین اور عوام کے تعاون اور ان کے مفید مشوروں سے گلگت بلتستان کو امن کا گہوارہ بنائیں۔