جو آڈیو لیک ہوئی اس پر مفتاح اسماعیل کو پارٹی چھوڑ دینی چاہیے: فواد چوہدری

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ مفتاح اسماعیل کے بارے میں جو آڈیو لیک ہوئی اس پر ان کو پارٹی چھوڑ دینی چاہیے۔
اسلام آباد میں میڈیا گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ مفتاح اسماعیل کو ہٹا کر اسحاق ڈار کو لایا جا رہا ہے، مفتاح کے بارے میں جو آڈیو لیک ہوئی، اس پر ان کو پارٹی چھوڑ دینی چاہیے، مفتاح سے کام نکلوا کر اسے بس کے نیچے دھکا دے دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیرِ داخلہ کہتے ہیں وزیرِ اعظم ہاؤس غیرمحفوظ ہے، آڈیو لیکس کے معاملے کی تحقیقات ہونی چاہیے، ہیکر کا کہنا ہے کہ دھماکا خیز گفتگو تو ابھی اس نے جاری ہی نہیں کی۔
پی ٹی آئی رہنما کا کہنا ہے کہ ہم نے بہت خرچ کر کے ایجنسیوں کو جدید آلات سے لیس کیا، 340 گھنٹوں کی آڈیو لیک ہوئی لیکن کسی ادارے کو معلوم ہی نہیں ہوا، پاکستان کے وزیرِ اعظم کا دفتر بھی سائبر سیکیورٹی کے حوالے سے غیرمحفوظ ہے، اس کی مذمت کرتے ہیں۔
فواد چوہدری نے کہا کہ ابھی تک وزیرِ اعظم آفس نے آڈیو لیک پر بیان جاری نہیں کیا، خبر ہے کہ حکومت اس وقت ہیکرز کے ساتھ مذاکرات کر رہی ہے کہ وہ یہ ڈیٹا خرید لیں، 20 اگست سے اب تک وزیرِ اعظم آفس کی آڈیو لیک ہوتی رہی ہے۔