دادی کو کرسی کیوں نہیں دی؟ دلہا بارات واپس لے گیا

بھارت میں دادی کو کرسی نہ ملنے پر دولہا بارات واپس لے گیا۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق دلہن کے والد مبین نے بتایا کہ ان کی بیٹی کی بارات نئی دہلی سے اورنگ آباد پہنچی تھی جہاں ان کے پورے خاندان نے دولہے اور اس کے گھر والوں کا استقبال کیا۔ بارات پہنچنے کے چند گھنٹوں بعد ہی دولہا نے اس شادی کو ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ دلہن کے والد کا کہنا ہے کہ بارات پہنچنے کے بعد ہر شخص تقریب سے لطف اندوز ہورہا تھا لیکن اسی دوران دلہا کی دادی اور ایک مہمان کے درمیان کرسی پر جھگڑا شروع ہوگیا، دولہا کی دادی نے اس جھگڑے کو اپنی بے عزتی سمجھی اور دولہے سے شکایت کردی جس کے بعد جھگڑا طول پکڑگیا۔ رپورٹ کے مطابق جھگڑے کے دوران دولہا والوں نے دلہن کو لے جانے کے بعد اس کے ساتھ برے سلوک کی دھمکیاں دیں، جھگڑا بڑھنے پر دلہن کے گھر والوں نے دولہا کے خاندان کو ایک کمرے میں بند کردیا اور شادی پر خرچ کی گئی رقم کا مطالبہ کیا۔ تقریب میں شامل ایک مہمان نے بتایا کہ دولہا کے گھر والوں کی جانب سے کچھ رقم کی ادائیگی کے بعد دلہن کے گھر والوں نے انھیں بارات واپس لے جانے کی اجازت دی۔