بشام میں گاڑی پر خودکش حملہ، 5 چینی باشندوں سمیت 6 افراد

خیبرپختونخوا کے علاقے شانگلہ میں بشام کے مقام پر گاڑی پر مبینہ خودکش دھماکا ہوگیا جس کے نتیجے میں 5 چینی باشندوں سمیت 6 افراد ہلاک ہوگئے۔۔ ڈی آئی جی مالاکنڈ نے دہشت گرد حملے کی تصدیق کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کئی افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق ڈی آئی جی مالاکنڈ کا کہنا ہے کہ حملہ آوروں نے بارود سے بھری گاڑی مسافروں کی گاڑی سے ٹکرائی، گاڑی پر حملے میں کئی افراد زخمی بھی ہوئے۔ غیرملکی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق دھماکے میں ہلاک ہونے والوں میں 5 چینی باشندوں کے علاوہ اُن کا ایک مقامی ڈرائیور بھی شامل ہے۔ ریجنل پولیس چیف محمد علی گنڈاپور نے غیرملکی خبررساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ایک خودکش حملہ آور نے بارود سے بھری گاڑی چینی انجینئرز کے قافلے سے ٹکرا دی جو اسلام آباد سے صوبہ خیبرپختونخوا کے علاقے داسو میں اپنے کیمپ کی جانب جا رہے تھے۔ محمد علی گنڈاپور نے مزید بتایا کہ خودکش دھماکے کے نتیجے میں 5 چینی باشندوں کے علاوہ اُن کا ایک پاکستانی ڈرائیور بھی جان سے ہاتھ دھو بیٹھا۔ ریسکیو 1122 بشام کے اسٹیشن ہیڈ شیراز خان نے ڈان کو بتایا کہ خودکش دھماکے کے بعد بس کھائی میں گر گئی اور اس میں آگ لگ گئی، تاہم ان کی ٹیم نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پالیا ہے اور اب لاشوں کو ہسپتال منتقل کیا جارہا ہے۔ خیبرپختونخوا پولیس جائے و قوع پر پہنچ چکی ہے اور ریلیف آپریشن شروع کردیا۔ واضح رہے کہ داسو میں ایک بڑا ڈیم واقع ہے، اس علاقے پر ماضی میں بھی دہشت گردوں کی جانب سے حملے ہوتے رہے ہیں، 2021 میں ایک بس میں ہونے والے دھماکے میں 9 چینی شہریوں سمیت 13 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔