این اے 45 ضمنی الیکشن: عمران خان کو واضح برتری کے ساتھ آگے

خیبر پختونخوا کے ضلع کرم کے حلقہ این اے 45 کے ضمنی الیکشن میں پولنگ کے بعد ووٹوں کی گنتی جاری ہے اور نتائج آنے کا سلسلہ جاری ہے۔
ضمنی انتخاب میں چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان اور جمعیت علماء اسلام سے تعلق رکھنے والے پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے حمایت یافتہ جمیل خان میں سخت مقابلہ متوقع تھا۔
این اے 45 کے143 میں سے 113 پولنگ اسٹیشنز کے غیر سرکاری غیرحتمی نتیجے کے مطابق عمران خان 16 ہزار 441 ووٹ لے کر آگے ہیں جب کہ جمیل خان 9 ہزار 231 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر ہیں۔
خیال رہےکہ این اے 45 کی نشست پی ٹی آئی کے ملک فخر زمان کے مستعفی ہونے سے خالی ہوئی تھی۔
این اے 45 کے ضمنی الیکشن میں صبح 9 بجے سے پولنگ کا عمل شروع ہوا جو کسی وقفے کے بغیر شام 5 بجے تک جاری رہا۔
ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر عبد الرؤف خان کے مطابق اس حلقے میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 1 لاکھ 98 ہزار 618 ہے جب کہ حلقے کے 143 پولنگ اسٹیشنز میں سے 24 انتہائی حساس اور 119 کو حساس قرار دیا گیا ہے۔