پی ٹی آئی لانگ مارچ یوکے میں بھی جاری

پاکستان تحریک انصاف نے پاکستان کے ساتھ ساتھ برطانیہ میں بھی تحریک کا آغاز کردیا، حقیقی آزادی مارچ کا اختتام نوازشریف کی رہائش گاہ کے باہر ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف یوکے کے زیر اہتمام برطانیہ میں بھی لانگ مارچ کا آغاز کردیا گیا ہے، پی ٹی آئی یو کے کی جانب سے اسکاٹ لینڈ سے لندن تک لانگ مارچ جاری ہے۔
ذرائع کے مطابق شیفیلڈ سے لانگ مارچ کا قافلہ مزید قافلوں کو ساتھ ملاتے ہوئے لندن پہنچے گا، مذکورہ لانگ مارچ لندن میں نواز شریف کی رہائش گاہ کے باہراختتام پذیر ہوگا۔
پی ٹی آئی یوکے کی جانب سے نکالے جانے والے حقیقی آزادی مارچ کے شرکاء ایون فیلڈ ہاؤس کے باہر پہنچ کر احتجاجی مظاہرہ کریں گے۔
مظاہرے کی قیادت پی ٹی آئی آئی یو کے کے صدر ملک عمران خلیل کررہے ہیں، ان کا کہنا تھا کہ آج نواز شریف کی رہائش گاہ کے باہر دمادم مست قلندر ہو گا۔
ملک عمران خلیل نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تاریخ میں پہلی بار ایسا ہوا ہے کہ پاکستان کیلئے لانگ مارچ برطانیہ میں کیا جا رہا ہے ہم حقیقی آزادی کے لیے نکلے ہیں اور عمران خان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔