وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ کشمیر اور فلسطین کے دیرینہ مسائل اقوام متحدہ کے ایجنڈے پر آج بھی نامکمل اور حل طلب ہیں۔
بلاول بھٹو نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر اور مسئلہ فلسطین کو پرامن طریقے سے حل کرنے کیلئے مل کر کام کرے۔
اسلام آباد میں او آئی سی کے سیکریٹری جنرل کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی خلاف ورزی کررہا ہے، مسئلہ کشمیر سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہیے۔
بلاول بھٹو نے کہا اسلامی تعاون تنظیم امت مسلمہ کی ترجمان ہے، مسلم امہ کے لیے اوآئی سی کے کردار کو سراہتے ہیں، اوآئی سی مسلم دنیا کا سب سے بڑا نمائندہ پلیٹ فارم ہے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ سیکریٹری جنرل اوآئی سی دورہ کے دوران وزیراعظم سے ملاقات اور آزاد جموں کشمیر کا دورہ بھی کریں گے، انہیں پاکستان آمد پر خوش آمدید کہتے ہیں۔
سیکریٹری جنرل اوآئی سی حسین ابراہیم طحہٰ نے کہا کہ کشمیری کئی دہائیوں سے اپنے حقوق کیلئے جدوجہد کررہے ہیں، او آئی سی مسئلہ کشمیر کے حوالے سے مسلسل آواز اٹھاتا رہا ہے۔






