وہاب ریاض اور عبدالرزاق کو برطرف کرنے کی وجہ سامنے آگئی

قومی سلیکشن کمیٹی سے وہاب ریاض اور عبدالرزاق کو برطرف کیوں کیا گیا، اس کی وجہ سامنے آگئی۔ ذرائع کے مطابق وہاب ریاض اور عبدالرزاق نے کچھ کھلاڑیوں کی غیر ضروری طرفداری کی، چیئرمین محسن نقوی نے تحقیقات مکمل کرنے پر اقدامات کا فیصلہ کیا۔ ذرائع نے بتایا کہ جن کھلاڑیوں کی انہوں نے حمایت کی انہوں نے ہی پرفارم نہیں کیا، جن کرکٹرز کی ان دونوں نے حمایت کی دیگر سلیکٹرز نے مخالفت کی۔ شاہین آفریدی نے حالیہ ٹورز کے دوران کوچز اور مینجمنٹ اسٹاف سے برا برتاؤ کیا، مینجرز نے ان کے خلاف کوئی ایکشن نہیں لیا، ٹورز کے دوران ڈسپلن برقرار رکھنا مینجرز کی ذمے داری تھی، اس چیز کا جائزہ لیا جا رہا ہے کہ شاہین آفریدی کے خلاف ایکشن کیوں نہیں لیا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ حالیہ دوروں میں ڈسپلن کی کئی خلاف ورزیاں ہوئیں، کوچز نے لابیز کا بھی تذکرہ کیا، جن جن کھلاڑیوں کی لابیز ہیں ان کی بھی تحقیقات کی جا رہی ہے، اس بات پر بات چیت ہو رہی ہے کہ ان لابیز سے کیا کیا فائدہ اٹھایا جا رہا ہے۔ کوچز کی رپورٹ میں کئی کھلاڑیوں کو غیر سنجیدہ قرار دیا گیا، کوچز نے چیئرمین پی سی بی کو تمام صورتِ حال سے آگاہ کر دیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کا کہنا ہے کہ کھلاڑی ایک دوسرے کے خلاف باتیں کرتے ہیں جس سے ماحول خراب ہوتا، فیملیز کو ساتھ لے جانے اور پھر کھیل پر فوکس ہونے پر بھی تفصیلی بات ہوئی۔