پاکستان اسپیس اینڈ اپر اٹماسفیئر ریسرچ کمیشن (سپارکو) نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان کا ریموٹ سینسنگ سیٹلائٹ کامیابی کے ساتھ زمین کے مدار میں فعال ہو گیا ہے۔ ترجمان سپارکو کے مطابق سیٹلائٹ 31 جولائی 2025 کو چین کے ژیچانگ سیٹلائٹ لانچ سینٹر سے بھیجا گیا تھا۔ اور کامیاب لانچ کے بعد سیٹلائٹ نے گراؤنڈ اسٹیشنز کے ساتھ مستحکم رابطہ قائم کر لیا۔ ترجمان نے بتایاکہ سیٹلائٹ نے خلا سے ہائی ریزولوشن تصاویر حاصل کر کے زمین پر بھیجنا شروع کر دی ہیں۔ جس سے مختلف قومی شعبوں کے لیے ڈیٹا کی دستیابی ممکن ہو سکے گی۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ یہ سیٹلائٹ اعلیٰ معیار کی تصویری صلاحیت کا حامل ہے جو شہری منصوبہ بندی، انفرا اسٹرکچر کی ترقی اور علاقائی منصوبہ بندی میں انقلاب لائے گا۔ شہری پھیلاؤ اور ترقی کے رجحانات کی نگرانی میں مددگار ثابت ہوگا۔ ترجمان کے مطابق یہ سیٹلائٹ قدرتی آفات سے بچاؤ کے نظام کو مستحکم کرے گا اور سیلاب، زمین کے کھسکنے، زلزلوں اور دیگر خطرات کے لیے بروقت ڈیٹا فراہم کر کے فوری ردعمل ممکن بنائے گا۔ سیٹلائٹ قومی ترقیاتی منصوبوں جیسے سی پیک میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔






