وفاقی وزیرِ خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ کسانوں کے نقصانات کے تخمینے کے لیے کمیٹی بنائی ہے، اس وقت اہم چیز لوگوں کی امداد ہے۔ کمالیہ میں میڈیا سے گفتگو میں محمد اورنگزیب نے کہا کہ موسمیاتی اور زرعی ایمرجنسی ڈیکلیئر کی جا چکی ہے، ایمرجنسی کے تحت جو کرنا پڑا ہم کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم حقائق پر مبنی بات کر رہے ہیں، اس وقت اہم چیز لوگوں کی امداد ہے، سیلاب کے نقصانات کا تخمینہ لگانے کے لیے سروے کیے جا رہے ہیں۔ وفاقی وزیرِ خزانہ نے کہا کہ ملک کی معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے، سیاست سے بالا تر ہو کر ملک کو آگے لے کر جانا ہے۔ اُن کا یہ بھی کہنا ہے کہ عالمی سطح پر فیول کی قیمت میں کمی آ رہی ہے تو عالمی مہنگائی کا مسئلہ نہیں، اقدامات کر رہے ہیں کہ مصنوعی مہنگائی پیدا نہ ہو۔
