لاہور میں پاکستان ہاکی فیڈریشن نے اعلان کیا ہے کہ ملک بھر کے ہاکی کلبز کے لیے آن لائن رجسٹریشن پورٹل کھول دیا گیا ہے۔ یہ پورٹل 27 جنوری سے 3 فروری کی رات 12 بجے تک فعال رہے گا، جس کے ذریعے نئے ہاکی کلبز اپنی رجسٹریشن مکمل کر سکیں گے اور اپنے کھلاڑیوں کا ڈیٹا بھی سسٹم میں شامل کر سکیں گے۔ صدر پاکستان ہاکی فیڈریشن نے بتایا کہ پہلے سے رجسٹرڈ کلبزاورکھلاڑیوں کے ڈیٹا میں کسی قسم کی تبدیلی کی اجازت نہیں ہوگی۔ یہ اقدام آئی پی سی کی اسٹینڈنگ کمیٹی کی ہدایات کی روشنی میں کیا گیا ہے تاکہ ملک بھر میں منظم اورمستند کلب ڈیٹا بیس تیارکیا جا سکے۔ صدر پاکستان ہاکی فیڈریشن نے کہا کہ بغیر مستند اورمنظم کلب ڈیٹا بیس کے ہاکی کی ترقی ممکن نہیں اور اس پورٹل کے ذریعے رجسٹریشن کا عمل آسان اور شفاف بنایا گیا ہے۔ نئے کلبزاورکھلاڑی اس موقع سے فائدہ اٹھا کر اپنے ڈیٹا کو سرکاری نظام میں شامل کرا سکتے ہیں، جس سے ہاکی کے فروغ اور قومی سطح پر کھیل کی بہتری میں مدد ملے گی۔






