سکیورٹی خدشات ، امریکا کا اپنے شہریوں کو ایران چھوڑنے کا حکم

امریکا نے ایران میں مقیم امریکی شہریوں کے لیے سفری ہدایات جاری کرتے ہوئے انہیں فوری طور پر ملک چھوڑنے کی ہدایت کی ہے۔ ایران میں امریکی ورچوئل ایمبیسی نے انتباہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران میں موجود امریکی شہری امریکی حکومت کی براہِ راست مدد پر انحصار کیے بغیر اپنی روانگی کا انتظام کریں، کیونکہ کسی بھی وقت پروازیں منسوخ ہو سکتی ہیں۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اگر فوری طور پر ایران چھوڑنا ممکن نہ ہو تو امریکی شہری اپنے گھروں یا کسی محفوظ عمارت میں قیام کریں اور خوراک، پانی، ادویات اور دیگر ضروری اشیاء کا مناسب ذخیرہ اپنے پاس رکھیں۔ ورچوئل ایمبیسی نے ہدایت کی ہے کہ امریکی شہری زمینی راستے کے ذریعے آرمینیا یا ترکیے جانے پر غور کریں۔ امریکی حکام کے مطابق یہ انتباہ خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور ممکنہ سکیورٹی خدشات کے پیشِ نظر جاری کیا گیا ہے۔