پاک افغان کشیدگی، قومی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ پنڈی منتقل

پاک افغان کشیدگی کے باعث پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے 5 مارچ سے شروع ہونے والا قومی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ راولپنڈی منتقل کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق اب ٹورنامنٹ کے ابتدائی میچز راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے جبکہ پشاور کو صرف سیمی فائنل اور فائنل کی میزبانی دی جائے گی۔ پی سی بی نے قبل ازیں پشاور کے عمران خان کرکٹ اسٹیڈیم کو ٹورنامنٹ کی میزبانی سونپی تھی اور باقاعدہ شیڈول بھی جاری کیا جا چکا تھا۔ اسٹیڈیم انتظامیہ نے تمام انتظامات مکمل کر لیے تھے، تاہم سیکیورٹی صورتحال کے پیش نظر مقام تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ پی سی بی کی جانب سے نئے شیڈول اور انتظامات سے متعلق تفصیلات جلد جاری کیے جانے کا امکان ہے۔