وینزویلا میں دو بڑے زلزلوں کے بعد آفٹر شاکس کا سلسلہ جاری ہے اور اب تک ایک درجن سے زائد زلزلے آچکے ہیں جبکہ زلزلے کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد 589 تک پہنچ چکی ہے۔ برطانوی میڈیا کے مطابق وینزویلا میں یکے بعد دو شدید زلزلے ریکارڈ کیے گئے جن کی شدت 7.2 اور 7.5 تھی، زلزلوں کی وجہ سے انفرا اسٹرکچر کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ زلزلے کے نتیجے میں اب تک 589 افراد کی اموات کی تصدیق ہوچکی ہے جبکہ 2980 سے زائد افراد زخمی ہوئے اور سیکڑوں افراد کے ملبے تلے دبے ہونے کا خدشہ ہے۔ ادھر دارالحکومت کاراکس میں کئی عمارتیں گر گئیں، جس کے باعث متاثرین سڑکوں پر رات گزارنے پر مجبور ہیں، شدید زلزلے سے کاراکس ائیرپورٹ بھی متاثر ہوا جس کے سبب فلائٹ آپریشن بند ہوگیا، وینزویلا کی قائم مقام صدر نے زلزلے سے متاثرہ ساحلی علاقوں کا دورہ بھی کیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وینزویلا میں 2 بڑے زلزلوں کے بعد آفٹر شاکس کا سلسلہ جاری ہے اب تک ایک درجن سے زائد زلزلے آچکے ہیں جبکہ اگلے ہفتے کے دوران 5 شدت کے ایک اور زلزلے کا خدشہ ہے۔ دوسری جانب امریکا نے وینزویلا کے لیے سرچ اینڈ ریسکیو ٹیمیں تعینات کر دی ہیں، مسیحیوں کے روحانی پیشوا پوپ لیو نے زلزلہ متاثرین کے لیے ہنگامی طور پر ایک لاکھ یورو کی امداد دینے کا اعلان کیا ہے۔






