چیٹ جی پی ٹی کی مدد سے گھر فروخت کرنے کا جدید طریقہ سامنے آ گیا

امریکی ریاست فلوریڈا میں مصنوعی ذہانت کا ایک دلچسپ اور کامیاب استعمال سامنے آیا ہے، جہاں ایک شہری نے چیٹ جپ پی ٹی کی مدد سے اپنا گھر نہایت کم وقت میں فروخت کر دیا۔ کوپر سٹی کے رہائشی رابرٹ لیوین نے بتایا کہ انہوں نے روایتی طریقوں کے بجائے اے آئی ٹیکنالوجی کا سہارا لیا۔ انہوں نے گھر کی تشہیر، خریداروں سے رابطے اور قانونی معاہدے کی تیاری سمیت تمام مراحل میں چیٹ جی پی ٹی سے رہنمائی حاصل کی۔رابرٹ کے مطابق اے آئی کی مدد سے تیار کیا گیا اشتہار انتہائی مؤثر ثابت ہوا، جس کے نتیجے میں صرف تین دن کے اندر انہیں پانچ مختلف آفرز موصول ہوئیں۔ بالآخر یہ گھر صرف پانچ دن کے اندر فروخت ہو گیا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اس جدید طریقہ کار کے ذریعے نہ صرف وقت کی بچت ہوئی بلکہ انہیں رئیل اسٹیٹ ایجنٹ کو دی جانے والی تقریباً 3 فیصد کمیشن فیس سے بھی نجات مل گئی۔ رابرٹ لیوین، جو گزشتہ 15 برس سے اس مکان میں مقیم تھے، کا کہنا ہے کہ وہ محض تجرباتی طور پر دیکھنا چاہتے تھے کہ آیا مصنوعی ذہانت اس شعبے میں مؤثر ثابت ہو سکتی ہے یا نہیں، اور نتیجہ توقعات سے بڑھ کر نکلا۔