انڈین پریمیئر لیگ ( آئی پی ایل ) کے مہنگے ترین غیر ملکی کھلاڑی اور آسٹریلوی آل راؤنڈر کیمرون گرین کو ٹورنامنٹ میں بولنگ کرنے سے روک دیا گیا۔ کرکٹ آسٹریلیا نے کیمرون گرین کو آئی پی ایل میں بولنگ کرنے سے منع کیا ہے، جس کے بعد مہنگے ترین کرکٹر کے بولنگ نہ کرانے پر بھارتی میڈیا میں سوالات اٹھائے جانے لگے ہیں۔ کیمرون گرین کو 25 کروڑ 20 لاکھ بھارتی روپے میں آئی پی ایل کی فرنچائز کولکتہ نائٹ رائیڈرز (کے کے آر ) نے خریدا تھا،کیمرون گرین آئی پی ایل کے مجموعی طور پر تیسرے جبکہ مہنگے ترین اوورسیز پلیئر ہیں تاہم انھوں نے کے کے آر کی طرف سے ممبئی انڈینز کے خلاف میچ میں بولنگ نہیں کی۔ ہائی اسکورنگ میچ میں کے کے آر کو شکست کے بعد ہر کسی نے کیمرون گرین کی بولنگ سے غیر حاضری کو نوٹ کیا، کے کے آر کے کپتان اجنکیا رہانے نے کیمرون گرین کے حوالے سے سوال پر کہا کہ کرکٹ آسٹریلیا سے پوچھیں۔ ترجمان کرکٹ آسٹریلیا کا بیان ترجمان کرکٹ آسٹریلیا کے مطابق کیمرون گرین کو کمر کے نچلے حصے میں ہونے والی انجری کی احتیاط کے سبب مختصر وقت کے لیے انہیں بولنگ سے روکا گیا ہے، تاہم کے کے آر کو اس حوالے سے باقاعدہ طور پر بتا دیا گیا تھا۔ کرکٹ آسٹریلیا کے ترجمان کا کہنا ہے کہ کیمرون گرین بھارت میں بولنگ لوڈ کا خیال رکھ رہے ہیں، ان کی 10 سے 12 روز میں بولنگ میں واپسی ہو سکتی ہے۔






