بنوں: تھانہ ڈومیل کے قریب خودکش دھماکا، پانچ افراد جاں بحق ، 13 زخمی

خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں میں ڈومیل پولیس اسٹیشن پر زور دار دھماکے اور فائرنگ کے تبادلے میں متعدد ہلاکتوں اور زخمیوں کی اطلاعات ہیں۔ بنوں میں ڈومیل پولیس اسٹیشن پرہونےوالے دھماکے کی شدت اس قدر زیادہ تھی کہ اس کی آواز میلوں دور تک سنی گئی جبکہ قریبی آبادی کے گھروں کے دروازے اور کھڑکیاں بھی لرز اٹھیں۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق دھماکہ پولیس اسٹیشن کے عقبی حصے میں ہوا، جہاں بارود سے بھری ایک گاڑی عمارت سے ٹکرا گئی۔ دھماکے کے نتیجے میں سنتری پوسٹ اور پولیس اسٹیشن کا ایک بڑا حصہ مکمل طور پر تباہ ہوگیا۔ واقعے کے بعد قریبی آبادی میں متعدد مکانات کی چھتیں گرنے کی اطلاعات ہیں، جس کے باعث کئی افراد ملبے تلے دب گئے،ایک زخمی بچی کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ ریسکیو 1122 کی ٹیموں کو جائے وقوعہ پر طلب کرلیا گیا ہے، تاہم مسلسل بارش کے باعث امدادی کارروائیوں میں مشکلات کا سامنا ہے، فائرنگ رکنے کے بعد ریسکیو ٹیموں نے متاثرہ علاقے میں باقاعدہ آپریشن شروع کردیا۔ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر بخت اللہ وزیر کے مطابق اب تک پانچ افراد جاں بحق جبکہ 13 زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا جاچکا ہے جس میں پانچ پولیس اہلکار شامل ہیں، سرچ اور ریسکیو آپریشن تاحال جاری ہے اور متاثرہ علاقے کو مکمل طور پر کلیئر ہونے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔علاقے میں فوری امداد کے لیے مساجد میں اعلانات بھی کیے جارہے ہیں، جبکہ مقامی افراد بھی ریسکیو سرگرمیوں میں حصہ لے رہے ہیں۔ آر پی او بنوں کے مطابق بہترین سیکیورٹی اقدامات کے باعث تھانے پر حملہ ناکام بنا دیا گیا، خوارج نے بزدلی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نہتے شہریوں کو نشانہ بنایا۔