پی ٹی آئی کے منحرف رہنما نور عالم خان کی پاکستان کی اہم سیاسی پارٹی میں شمولیت کا اعلان

پاکستان تحریک انصاف کے منحرف رہنما اور پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے چیئرمین نور عالم خان نے جمعیت علما اسلام میں شمولیت کا اعلان کردیا۔ پشاور میں سابق رکن قومی اسمبلی نورعالم خان نے جمیعت علماء اسلام کے صوبائی امیر سینیٹر عطا الرحمان کے ساتھ پریس کانفرنس میں شمولیت کا اعلان کیا۔ نور عالم خان نے مولانا فضل الرحمان کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’مولانا کی قائدانہ صلاحیتوں پر اعتماد ہے، تاخیرہوگئی ورنہ پہلے ہی جے یو آئی میں آجاتا‘۔ انہوں نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات قابل شرم ہیں، احتجاج کااپنا طریقہ ہوتاہے, میں نے پہلے ہی سال سے مخالفت کی کیونکہ ان کی سوچ ٹھیک نہیں تھی۔ انہوں نے کہا کہ لاڈلے کی بات ہوتی ہے کیونکہ جیل میں اسے سہولیات اور دیسی مرغے ملتے ہیں، چیف جسٹس اس صورت حال کانوٹس لیں۔ نور عالم خان نے کہا کہ ’ میں جس پارٹی کے بھی ساتھ ہوں لیکن ہم غلام نہیں کہ پاکستان کی سالمیت کے خلاف کام کروں گا، احتجاج سب کرتے ہیں لیکن اداروں پرحملے نہیں کیے جاتے، غلط لوگوں سے راستہ بدلاجائے توغلط نہیں ہے۔ مولانا عطا الرحمان نے کہا کہ ہم نورعالم خان کو جے یو آئی میں شمولیت پرمبارکباد پیش کرتے ہیں، امیدہے کہ اس بار انتخابات میں دھاندلی نہیں ہوگی اور جے یو آئی کا اقتدار میں آنے کا راستہ کوئی نہیں روکے گا، خیبرپختونخوا میں آنے والا دور جمیعت علما اسلام کا ہی ہے۔