پی ٹی آئی رہنما اعظم سواتی کا مزید ایک روزہ جسمانی ریمانڈ منظور

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اعظم خان سواتی کے جسمانی ریمانڈ کے لیے درخواست پر عدالت نے ان کا مزید 1 روز کا جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا۔
پی ٹی آئی کے رہنما اعظم خان سواتی کا ایک روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر انہیں عدالت پیش کردیا گیا۔
تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر اعظم سواتی کو ایف آئی اے ٹیم نے مقامی عدالت میں ڈیوٹی مجسٹریٹ شعیب اختر کے سامنے پیش کردیا گیا۔
اعظم سواتی کے وکیل بابراعوان عدالت میں پہلے سے ہی موجود تھے، جب کہ پی ٹی آئی سینیٹرز اور پارٹی رہنما اعظم سواتی سے اظہار یکجہتی کیلئےایف ایٹ کچہری پہنچے۔
اعظم سواتی کے خلاف کیس کی سماعت ڈیوٹی مجسٹریٹ شعیب اختر کیس کی سماعت کر رہے ہیں، وکیل پروسیکیوشن نے اعظم سواتی کا ٹوئٹ پڑھ کرعدالت میں سنایا۔
پروسیکیوٹر نے اعظم سواتی کے مزید ریمانڈ کی استدعا کرتے ہوئے مؤقف پیش کیا کہ اعظم سواتی نے جس موبائل سے ٹویٹ کیا وہ موبائل فون برآمد کرنا ضروری ہے۔
پروسیکیوٹر نے مؤقف اختیار کیا کہ ملزم ایک سیاسی شخصیت ہے جس کے لاکھوں فالوورز ہیں، ملزم نے اپنے ویریفائیڈ اکاؤنٹ سے ٹویٹس کیں، اور مسلح افواج کے سربراہ کا نام لے کر ٹویٹ کی گئی، تفتیش کیلئے تحقیقاتی افسر کو مزید وقت دیا جائے۔
ڈیوٹی مجسٹریٹ شعیب اختر نے تحریک انصاف کے سینیٹر اعظم سواتی کو مزید ایک روزہ جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے کردیا، جب کہ ملزم کو کل دوبارہ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔