ضمنی انتخابات کے دوران لڑائی جھگڑے اور بدنظی، پی ٹی آئی رہنما بلال غفار زخمی

ضمنی انتخابات کے دوران مختلف پولنگ اسٹیشن پر لڑائی اور بدنظمی کے واقعات رپورٹ ہوئے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق کراچی میں ہونے والے ضمنی الیکشن کے دوران ملیر میں پی ٹی آئی رہنما پر حملہ کیا گیا جس میں رکن سندھ اسمبلی اور پی ٹی آئی کراچی کے صدر بلال غفار کی ناک کی ہڈی ٹوٹ گئی۔
پی ٹی آئی رہنما جمال صدیقی کی جانب سے الزام عائد کیا گیا ہے کہ ملیر بکرا پیڑی میں پی پی ایم پی اے سلیم بلوچ کے ساتھیوں نے حملہ کیا، تشدد سے ایم پی اے بلال غفار کی ناک کی ہڈی ٹوٹ گئی۔
جمال صدیقی نے بتایا کہ بلال غفار ملیر بکرا پیڑی کے قریب پولنگ اسٹیشن کا معائنہ کرنے گئے تھے کہ پیپلز پارٹی سے تعلق رکھنے والے دو درجن سے زائد نے اینٹوں سے حملہ کیا جس میں وہ شدید زخمی ہو گئے۔
ترجمان پی ٹی آئی نے بھی حملے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ صدر تحریک انصاف کراچی بلال غفار پر ملیر میں حملہ ہوا ہے، بلال غفار کو ملیر غازی گوٹھ میں تشدد کا نشانہ بنایا گیا، بلال غفار کو قریبی اسپتال میں ابتدائی طبی امداد دی جا رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: قومی اسمبلی کے 8 اور پنجاب اسمبلی کے 3 نشستوں پر ضمنی انتخابات کیلیے پولنگ کا عمل جاری
آئی جی سندھ پولیس نے پی ٹی آئی ایم پی اے بلال غفار پر حملے کا نوٹس لیتے ہوئے معاملے کی تحقیقات کا حکم دیا ہے اور ان کا کہنا ہے کہ بلال غفار کے معاملے پر قانونی کارروائی کی جائے گی۔
ملتان کے حلقہ این اے 157 میں خواتین پولنگ اسٹیشن نمبر 72کے باہرپی ٹی آئی کارکنان نے احتجاج کیا۔ کارکنان نے پولنگ عملے پر دھاندلی کا الزام لگایا۔
خانیوال میں ضمنی الیکشن کے دوران پولنگ اسٹیشنز نمبر 38 چک نمبر 79 دس آر میں جھگڑا ہوا۔ پولنگ کا عمل رک گیا۔ مسلم لیگ ن اور تحریک انصاف کے کارکنان آپس میں جھگڑ پڑے۔
فیصل آباد کے حلقہ این اے 108 کے ضمنی انتخاب میں پولنگ اسٹیشن 139 میں کارکن لڑ پڑے۔ پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی۔