پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ علما کرام نوجوان نسل میں امن پسندی بیدار کرنے کیلیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔
سنی اتحاد کونسل پاکستان اور متحدہ علماء بورڈ پنجاب کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا کی قیادت میں سنی اتحاد کونسل سے وابستہ 30 سے زائد جید مفتیانِ کرام کے وفد نے سابق وزیراعظم اور تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان سے ان کی رہائش گاہ بنی گالہ پر اہم ملاقات کی۔ اس موقع پر سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور سینیٹر شبلی فراز بھی موجود تھے۔
ملاقات میں ملکی صورتحال، لانگ مارچ اور انتخابات کے حوالے سے گفتگو کی گئی۔ عمران خان نے صاحبزادہ حامد رضا کی بین المذاہب ہم آہنگی کے حوالے سے کوششوں کو بھی سراہا۔
سنی اتحاد کونسل پاکستان اور متحدہ علماء بورڈ پنجاب کے 30 مفتیان کرام نے پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ تحریک انصاف دوبارہ اقتدار میں آکر ملک میں نظام مصطفیﷺ کا عملی نفاذ کرے۔
عمران خان نے مفتیانِ کرام کے وفد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انبیاء کرام علیہ السلام کے ناموس کے تحفظ کے لیے عالمی سطح پر قانون سازی ہونی چاہیے، پاکستان کی سلامتی و استحکام کے لیے دہشت گردی، انتہاپسندی اور فرقہ واریت کا خاتمہ ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ محب وطن قوتوں کا اتحاد وقت کی اہم ضرورت ہے، مستحکم پاکستان عالم اسلام کی ضرورت ہے، علماء نوجوان نسل میں امن پسندی بیدار کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کریں، مغربی قوتیں مسلمانوں کے جذبہ عشقِ رسول سے خائف ہیں۔
مفتیان کرام کے وفد نے کہا کہ اسلامو فوبیا کے متعلق عمران خان کی تاریخی قرارداد کی او آئی سی کے اجلاس سے منظوری اور 15 مارچ کو اسلامو فوبیا کا عالمی دن قرار دینا عظیم کارنامہ ہے، تعلیمی نصاب میں قرآن و سنت، ناظرہ، ترجمہ قرآن لازمی، رحمتہ اللعالمین اتھارٹی کا قیام اور دنیا بھر میں اسلام کا درست تشخیص اجاگر کرنے اور ڈیڑھ ارب مسلمانوں کا مقدمہ اقوام متحدہ میں لڑنا قابل ستائش اقدامات ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف دوبارہ اقتدار میں آکر ملک میں نظام مصطفیﷺ کا عملی نفاذ کرے کیونکہ تمام مسائلِ کا حل نظام مصطفیﷺ کے نفاذ میں مضمر ہے۔
علاوہ ازیں صاحبزادہ حامد رضا نے عمران خان سے ون آن ون ملاقات کی۔ دو گھنٹے تک جاری رہنے والی اس ملاقات میں لانگ مارچ اور آئندہ کی سیاسی حکمت عملی طے کی گئی۔
صاحبزادہ حامد رضا نے عمران خان کو یقین دلایا کہ ہم اہل وفا لوگ ہیں اور تحریک انصاف اور عمران خان کے سیاسی اتحادی ہیں، مشکل کی اس گھڑی میں تحریک انصاف کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔
حامد رضا نے مزید کہا کہ عمران خان کی حقیقی آزادی کی تحریک میں ان کا ساتھ دیتے رہیں گے، سنی اتحاد کونسل نے اپنی تنظیمات اور کارکنانِ کو لانگ مارچ میں شرکت کی ہدایات جاری کردی ہیں، ہر محاذ پر سنی اتحاد کونسل تحریک انصاف کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔






