نائیجیریا میں مسلح افراد نے مسجد پر حملہ کرکے 19 نمازیوں کو اغوا کرلیا

 نائیجیریا کے شورش زدہ علاقے میں جرائم پیشہ مسلح افراد نے ایک گروہ نے مسجد پر حملہ کرکے پیش امام کو زخمی کردیا اور 19 افراد کو اغوا کرکے لے گئے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق نمازیوں کے اغوا کا واقعہ نائیجیریا کے شمال مغربی گاؤں میغام جی میں نماز عصر کے وقت پیش آیا۔ مسلح حملہ آوروں نے مسجد میں داخل ہوکر فائرنگ بھی کی جس میں پیش امام سمیت 6 افراد زخمی ہوگئے۔
موٹر سائیکل سوار مسلح ملزمان نے نمازیوں کو یرغمال بنالیا اور ایک ٹرک منگوا کر انھیں اغوا کرکے اپنے ہمراہ لے گئے۔ پولیس نے اغوا کاروں کا پیچھا کیا اور 6 مغویوں کو بازیاب کرانے میں کامیاب ہوگئے۔پولیس کا کہنا ہے کہ بقیہ مغویوں کی بازیابی کے لیے مزید نفری طلب کرلی ہے جو ان ڈاکوؤں کی روگو جنگل میں کمین گاہوں پر کارروائی کرے گی۔
نائیجیریا کے اس علاقے میں جرائم پیشہ گروہ کافی متحرک ہیں جو مویشیوں کی چوری، اغوا برائے تاوان اور سامان لوٹنے کے بعد گھروں کو آگ لگا دیتے ہیں۔
خیال ظاہر کیا جا رہا ہے کہ نمازیوں کو اغوا کار تاوان کے بدلے رہا کردیں گے جس کے لیے مقامی سطح پر لیڈران نے رابطے کا کام شروع کردیا ہے۔