سیلاب کے باعث سندھ میں ریلوے آپریشن معطل

موسلا دھار بارشوں اور سیلابی صورتحال کے باعث سندھ میں ریلوے آپریشن فوری معطل کردیا۔
وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوے کہا کہ سندھ میں سیلاب کے باعث ریلوے ٹریک متاثر ہو گئے ہیں۔ مسافروں کی زندگی اہم ہے اس لیے ریلوے آپریشن فوری معطل کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ریلوے کی کارگو سروس معمول کے مطابق جاری رہے گی اور پشاور سے ملتان تک ریلوے آپریشن جاری رہے گا۔ 
خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ملک بھر میں معمول سے 212 فیصد زیادہ بارشیں ہوئی ہیں اور ایم ایل ون کا کچھ حصہ بند کر رہے ہیں۔ یہ وقت لڑنے کا نہیں مل کر کام کرنے کا ہے اور تمام سیاسی جماعتوں سے کہوں گا کہ یہ مشکل وقت ہے اور مشکل کی اس گھڑی میں سیاسی محاذ آرائی ملک کے لیے نقصان دہ ہو گی۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے دور میں ریلوے کے پاس 30 روز کے تیل کا ذخیرہ ہوتا تھا لیکن تحریک انصاف حکومت میں صرف 2 روز کا ذخیرہ رہ گیا۔ ان لوگوں نے پہلے بھی کام نہیں کیا اور ابھی دوسروں کو بھی کام نہیں کرنے دے رہے۔ ریلوے کا ماہانہ خرچ 7 ارب اور آمدن 5 ارب روپے ہے۔ آج ریلوے کے پاس ملازمین کو تنخواہ دینے کے لیے بھی پیسے نہیں ہیں۔