کراچی میں تجاوزات کیخلاف آپریشن، شہریوں اور پولیس میں تصادم

کراچی کے علاقے گلستان جوہر اسکیم 6 میں تجاوزات کے خلاف آپریشن کے دوران پولیس اور شہریوں میں تصادم کے دوران متعدد افراد زخمی ہوگئے۔
عدالتی حکم پر انسداد تجاوزات سیل، پولیس اور ہیوی مشینری آپریشن کے لیے علاقے میں پہنچی تو شہریوں کی جانب سے شدید پتھراؤ کیا گیا۔ جس پر مظاہرین کو روکنے کیلئے پولیس کی جانب سے ہوائی فائرنگ اور شیلنگ شروع کی گئی۔
شہریوں کی جانب سے پتھراؤ میں تیزی آنے کے بعد انسداد تجاوزات سیل نے ہیوی مشینری کے ذریعے غیرقانونی تعمیرات گرانے کا عمل شروع کر دیا۔
کے ڈی اے حکام کا کہنا ہے کہ آپریشن عدالتی احکامات کی روشنی میں کیا جا رہا ہے، پلاٹوں کو وگزار کرا کے قبضہ الاٹیز کو دینا ہے، گلستان جوہر بلاک 10میں صدر مملکت عارف علوی کا پلاٹ بھی وگزار کرایا جائے گا۔
حکام نے کہا کہ صدر مملکت کے پلاٹ پر مکان اور دکان کی صورت میں قبضہ ہے، پہلے مرحلے میں تقریباً 2 ہزار پلاٹس پر سے قبضہ چھڑانا ہے، قبضہ شدہ زمین پر گھر، دکانیں اور دیگر پختہ تعمیرات ہیں۔
دوسری جانب مظاہرین گھروں کی چھتوں سے انسداد تجاوزات کی ٹیم پر پتھراؤ کر رہے ہیں، جہاں سرکاری اراضی واگزار کروانا انتظامیہ کے لیے چیلنج بن گیا ہے۔