شمالی وزیرستان کے علاقے دیردونی میں سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان جھڑپ میں 6 سپاہی شہید ہو گئے۔ سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کو مؤثر جواب دیا اور مقابلے میں 3 دہشت گرد بھی مارے گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں بہادری سے لڑتے ہوئے 6 سپاہی شہید ہوئے ہیں۔
شہید سپاہیوں میں ٹانک کے رہائشی 36 سالہ حوالدار سلیم خان، کوہاٹ کے رہائشی 37 سالہ نائیک جاویداقبال، بنوں کے رہائشی 26 سالہ سپاہی نزیر خان شامل ہیں۔
مردان کے 25 سالہ سپاہی حضرت بلال، اوکزئی کے 22 سالہ سپاہی سید رجب حسین اور خیبر کے رہائشی 22 سالہ بسم اللہ جان نے جام شہادت نوش کیا۔
اس سے قبل فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے میران شاہ میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن کیا تھا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے نتیجے میں حافظ گل بہادر گروپ سے تعلق رکھنے والے دہشت گرد کمانڈر مہتاب عرف لالہ سمیت 7 دہشت گردوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔






