سی ٹی ڈی اور پولیس کی مشترکہ کارروائی، جادیوالا میں 5 دہشت گرد ہلاک

کاؤنٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) اور پنجاب پولیس نے تونسہ شریف کے تھانہ وہوا کی حدود میں واقع سرحدی بستی جادیوالا میں فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کے خلاف مشترکہ آپریشن کیا جس میں 5 دہشت گرد ہلاک اور 8 زخمی حالت میں فرار ہوگئے۔ سی ٹی ڈی کے مطابق یہ آپریشن پنجاب اور خیبر پختونخوا کی سرحد پر واقع جادیوالا میں کیا گیا جہاں فائرنگ کے تبادلے کے دوران دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا جبکہ فرار ہونے والے زخمی دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ اینڈ کلین آپریشن جاری ہے۔ ڈی پی او ڈی جی خان سید علی خود موقع پر موجود رہے اور آپریشن کی نگرانی کی۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور آئی جی پنجاب نے اس کامیاب کارروائی پر سی ٹی ڈی اور پنجاب پولیس کی ٹیموں کو خراج تحسین پیش کیا۔ محسن نقوی نے کہا کہ فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کا ہر جگہ تعاقب جاری رکھا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب پولیس اور سی ٹی ڈی نے دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو خاک میں ملایا اور قوم کو اپنے بہادر اور پیشہ ور سپوتوں پر فخر ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بھی پولیس اور سی ٹی ڈی کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ فتنہ الہندوستان کے 5 دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنے پر پنجاب پولیس اور سی ٹی ڈی خراج تحسین کی مستحق ہیں۔ وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔