بھارت کی جانب سے دریائے راوی میں 2 لاکھ کیوسک پانی چھوڑنے اور مسلسل بارشوں کے باعث پنجاب کے بڑے دریاؤں میں پانی کا بہاؤ بڑھ رہا ہے۔ دریائے چناب، ستلج اور راوی میں پانی کی سطح خطرناک حد کے قریب پہنچ گئی ہے۔ ہیڈمرالہ پر دریائے چناب میں پانی کا بہاؤ 9 لاکھ کیوسک سے تجاوز کر گیا، جبکہ… محکمہ انہار کے مطابق چناب میں ہیڈمرالہ اور خانکی کی گنجائش 11 لاکھ کیوسک ہے۔ کمشنر گوجرانوالہ نوید حیدر شیرازی کا کہنا ہے کہ پانی ساڑھے 10 لاکھ کیوسک تک پہنچنے پر ممکنہ شگاف کھولنے کے اقدامات کیے جائیں گے۔ تمام ریلیف کیمپ فعال ہیں اور کھانے، پینے کی اشیا اور ادویات کا اسٹاک موجود ہے۔ فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن لاہور کے مطابق دریائے ستلج میں گنڈا سنگھ والا کے مقام پر پانی کا بہاؤ 2 لاکھ 45 ہزار 236 کیوسک ریکارڈ کیا گیا، اور آئندہ 12 گھنٹوں میں یہ 2 لاکھ 80 ہزار کیوسک تک بڑھنے کا امکان ہے۔ دریائے راوی میں جسڑ کے مقام پر انتہائی اونچے درجے کا سیلاب ہے، جبکہ شاہدرہ اور ستلج میں درمیانے درجے کے سیلاب جاری ہیں۔ راوی میں سیلابی ریلے سے شاہدرہ اور موٹروے ٹو کے نشیبی علاقوں پر خطرہ ہے۔ دریائےراوی میں پانی کی آمد میں مسلسل اضافے کے باعث حکا م کی جانب سے دریائی علاقے خالی کرنےکی ہدایت کی گئی ہے۔ بہاول پور کی تحصیل خیر پور ٹامے والی سمیت دریائی بیلٹ کے علاقوں میں پانی تیزی سے پھیلنے لگا، ہزاروں ایکڑپر کھڑی فصلوں،مکانات اور سرکاری اسکولوں کو نقصان پہنچا۔






