انٹرنیشنل کرکٹ کونسل(آئی سی سی) نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے قبل امریکی ٹیم کے اہم کھلاڑی ایرون جونز کو عارضی طور پر معطل کر دیا۔ آئی سی سی نے بدھ کو امریکی بیٹر ایرون جونز کو آئی سی سی اور کرکٹ ویسٹ انڈیز (سی ڈبلیو آئی) کے اینٹی کرپشن کوڈز کی خلاف ورزی پر عارضی طور پر معطل کرنے کا اعلان کیا۔ آئی سی سی کے مطابق 31 سالہ بیٹر پر عائد الزامات کا زیادہ تر تعلق بِم 10 ٹورنامنٹ 2023-24 سے ہے، جو سی ڈبلیو آئی اینٹی کرپشن کوڈ کے دائرہ اختیار میں آتا ہے، جبکہ2 الزامات انٹرنیشنل میچز سے متعلق ہیں جو آئی سی سی کے دائرہ اختیار میں آتے ہیں۔ ایرون جونز پر درج ذیل الزامات عائد کیے گئے ہیں۔ سی ڈبلیو آئی کوڈ کے آرٹیکل 2.1.1 کی خلاف ورزی: بِم 10 ٹورنامنٹ 2023/24 میں میچ کے نتیجے، پیش رفت، طرزِ عمل یا کسی بھی پہلو کو فکس کرنے، سازش کرنے یا غیر قانونی طور پر متاثر کرنے (یا اس کی کوشش کرنے) کا الزام ہے۔ سی ڈبلیو آئی کوڈ کے آرٹیکل 2.4.2 کی خلاف ورزی: کرکٹ ویسٹ انڈیز کو ایسی کسی پیشکش یا رابطے کی تفصیلات فراہم نہ کرنا جو اینٹی کرپشن کوڈ کی خلاف ورزی کے زمرے میں آتی ہوں۔ سی ڈبلیو آئی کوڈ کے آرٹیکل 2.4.4 کی خلاف ورزی: نامزد اینٹی کرپشن افسر کی جانب سے کی جانے والی معقول تحقیقات میں تعاون نہ کرنا یا انکار کرنا۔ آئی سی سی کوڈ کے آرٹیکل 2.4.4 کی خلاف ورزی: آئی سی سی اینٹی کرپشن یونٹ (ACU) کو کرپٹ سرگرمیوں سے متعلق موصول ہونے والی پیشکشوں یا رابطوں کی مکمل تفصیلات فراہم نہ کرنا۔ آئی سی سی کوڈ کے آرٹیکل 2.4.7 کی خلاف ورزی: ممکنہ کرپٹ سرگرمیوں کی تحقیقات میں رکاوٹ ڈالنا، معلومات چھپانا یا ان میں ردوبدل کرنا جو شواہد بن سکتی تھیں۔ آئی سی سی کے مطابق یہ الزامات ایک وسیع تر تحقیقات کا حصہ ہیں، جس کے نتیجے میں آئندہ دنوں میں دیگر افراد کے خلاف بھی الزامات عائد کیے جا سکتے ہیں۔ آئی سی سی نے بتایا کہ ایرون جونز کو فوری طور پر ہر قسم کی کرکٹ سے معطل کر دیا گیا ہے اور انہیں 28 جنوری 2026 سے 14 دن کے اندر الزامات کا جواب دینا ہوگا۔ ایرون جونز کی معطلی آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کے آغاز سے چند دن قبل سامنے آئی ہے، جو 7 فروری سے 8 مارچ تک بھارت اور سری لنکا کی مشترکہ میزبانی میں منعقد ہوگا۔ اس پیش رفت کے باعث امریکا کو میگا ایونٹ کے لیے متبادل کھلاڑی پر غور کرنا پڑ سکتا ہے، کیونکہ تاحال یو ایس اے کے اسکواڈ کا اعلان نہیں کیا گیا۔ واضح رہے کہ ایرون جونز اب تک امریکا کی نمائندگی کرتے ہوئے 52 ون ڈے انٹرنیشنل اور 48 ٹی20 انٹرنیشنل میچز کھیل چکے ہیں، جن میں انہوں نے ایک سنچری اور 13 نصف سنچریوں کی مدد سے مجموعی طور پر 2434 رنز اسکور کیے ہیں۔






