کون سی عام غلطی اے سی کو بہت جلد خراب کردیتی ہے؟ جانیے

درجہ حرارت میں اضافے کے ساتھ ائیر کنڈیشنر (اے سی) کا استعمال بھی بڑھ جاتا ہے۔ اب تو موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث ہر سال ہی درجہ حرارت میں اضافے کے نئے ریکارڈ بن رہے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ خود کو نقصان دہ اثرات سے بچانے کے لیے اے سی کا استعمال عام ہوتا جا رہا ہے۔ مگر اے سی بہت مہنگی مشین ہے اور اسے بار بار خریدنا ہر ایک کے بس کی بات نہیں۔ مگر کیا آپ کو معلوم ہے کہ آپ کی ایک بہت عام عادت اے سی کی زندگی کو مختصر بنا سکتی ہے؟ جی ہاں واقعی ایسی عام غلطی جو بیشتر افراد کرتے ہیں اور انہیں اس کا احساس بھی نہیں ہوتا۔ یہ غلطی ہے اپنے اے سی کو مسلسل کم از کم درجہ حرارت پر چلانا۔ جی ہاں اگر آپ اے سی کو ہمیشہ اس کے کم از کم درجہ حرارت پر چلاتے ہیں تو اسے پوری گنجائش کے ساتھ کام کرنا پڑتا ہے اور پھر آؤٹ ڈور یونٹ کو خودکار طور پر بند کر دیتا ہے۔ وقت گزرنے کے ساتھ اس سے اے سی کی زندگی گھٹ جاتی ہے جبکہ بجلی کا بل بھی بڑھتا ہے۔ اس کی ایک وجہ تو یہ ہے کہ گرم اور مرطوب دنوں میں اے سی کو 20 ڈگری سینٹی گریڈ سے کم رکھنے پر اس کا اندرونی درجہ حرارت تیزی سے بڑھتا ہے اور وہ بار بار ری اسٹارٹ ہوتا ہے۔ اس کے نتیجے میں بہت زیادہ بجلی ضائع ہوتی ہے اور بل میں نمایاں اضافہ ہوتا ہے۔ اسی طرح اے سی کو زیادہ وقت تک کم از کم درجہ حرارت پر چلانے اس کی زندگی گھٹ جاتی ہے۔ کسی لائٹ بلب کی طرح اے سی کی اپنی محدود سروس لائف ہوتی ہے اور جب اسے بہت زیادہ استعمال یا اوور لوڈ کیا جاتا ہے تو اس کی زندگی مزید گھٹ جاتی ہے۔ شدید گرم موسم میں اکثر گھرانے اے سی کو پورا ہفتے 24 گھنٹے چلائے رکھتے ہیں اور اکثر اس کا درجہ حرارت 16 سے 19 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان ہوتا ہے جس کے باعث سسٹم کو اپنی صلاحیت سے زیادہ کام کرنا پڑتا ہے جس سے آؤٹ ڈور یونٹ زیادہ گرم ہو جاتا ہے بلکہ اس کے پھٹنے کا خطرہ بھی بڑھتا ہے۔ اگر آپ کسی ایسے شہر میں رہتے ہیں جہاں روزانہ کا اوسط درجہ حرارت 34 سے 38 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان ہوتا ہے، تو اے سی کو اوسط درجہ حرارت سے 10 ڈگری سینٹی گریڈ کم رکھنے سے بھی کمرے یا گھر کو ٹھنڈا رکھنا ممکن ہوتا ہے۔ ہمارے جسم کا اوسط درجہ حرارت 37 ڈگری سینٹی گریڈ کے قریب ہوتا ہے تو کمرے کا اس سے کم درجہ حرارت قدرتی طور پر ہمیں ٹھنڈا محسوس ہوتا ہے۔ ماہرین کے مطابق اے سی کو 28 سے 28 ڈگری کے درمیان چلانا بہتر ہوتا ہے اور بیشتر افراد کو گرمی محسوس نہیں ہوتی۔ البتہ اے سی کو کبھی 24 گھنٹے نہیں چلانا چاہیے بلکہ کچھ وقت تک آرام بھی دینا چاہیے۔