بہت سے لوگ سوتے ہوئے غیر ارادی طور پر اپنا ایک پاؤں چادر یا لحاف سے باہر نکال لیتے ہیں، لیکن ماہرین کے مطابق یہ محض عادت نہیں بلکہ جسمانی درجہ حرارت کو متوازن رکھنے کا ایک قدرتی طریقہ بھی ہوسکتا ہے۔ کیا آپ جانتے ہیں کہ سوتے ہوئے چادر یا لحاف سے پاؤں باہر رکھنے کا عمل بنیادی طور پر جسمانی درجہ حرارت کو کنٹرول کرنے کا ایک قدرتی اور سائنسی طریقہ ہے۔ جی ہاں !! نئی سائنسی تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ جسم کے کسی چھوٹے حصے کو ٹھنڈی ہوا کے سامنے رکھنا، خاص طور پر پاؤں، انسان کو گہری نیند کے مرحلے تک جلد پہنچنے میں مدد دیتا ہے۔ ماہرین کے مطابق پاؤں کی جلد میں مخصوص خون کی شریانیں اور کم بال ہونے کی وجہ سے وہاں سے حرارت تیزی سے خارج ہوتی ہے۔ جب کوئی شخص کمبل سے پاؤں باہر نکالتا ہے تو جسم کا اضافی درجہ حرارت کم ہونے لگتا ہے، جس سے دماغ کو یہ اشارہ ملتا ہے کہ اب سونے کا وقت ہے۔ امریکی جریدے ”ایوی ایشن، اسپیس اینڈ انوائرنمنٹل میڈیسن” میں شائع ہونے والی ایک تحقیق کے مطابق پاؤں کو ٹھنڈا کرنا جسم کے مجموعی درجہ حرارت کو کم کرنے کا ایک مؤثر طریقہ ہے، جس سے جسم کو آرام محسوس ہوتا ہے، چاہے باقی جسم پر موٹا کمبل ہی کیوں نہ ہو۔ جدید تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ نیند کے دوران جسم کا درجہ حرارت کم ہونا گہری اور پرسکون نیند کے لیے ضروری ہوتا ہے۔ پاؤں چونکہ جسم کے اُن حصوں میں شامل ہیں جہاں خون کی باریک شریانیں جلد کے قریب موجود ہوتی ہیں، اس لیے وہاں سے حرارت آسانی سے خارج ہو جاتی ہے۔ ماہرین کے مطابق جب کوئی شخص کمبل سے ایک یا دونوں پاؤں باہر نکالتا ہے تو جسم کی اضافی گرمی کم ہونے لگتی ہے۔ اس عمل سے دماغ کو یہ اشارہ ملتا ہے کہ جسم آرام کی حالت میں جا رہا ہے، جس کے نتیجے میں انسان جلد نیند میں چلا جاتا ہے۔ تحقیقی ماہرین کا کہنا ہے کہ جسم کے درجہ حرارت اور نیند کا آپس میں گہرا تعلق ہے۔ سونے سے پہلے جسم قدرتی طور پر ٹھنڈا ہونا شروع ہوتا ہے اور یہی تبدیلی بہتر نیند کے عمل کو تیز کرتی ہے۔ اسی وجہ سے ماہرین سونے سے قبل نیم گرم پانی سے غسل کرنے کا مشورہ بھی دیتے ہیں، کیونکہ اس سے جسم بعد میں ٹھنڈا ہوتا ہے اور نیند میں آسانی پیدا ہوتی ہے۔ نیند کے ماہرین کے مطابق رات کو زیادہ پسینہ آنے والے افراد کے لیے بھی یہ عادت فائدہ مند ثابت ہو سکتی ہے۔ ایک پاؤں باہر رکھنے سے جسم کی گرمی کم ہوتی ہے اور نمی یا گھبراہٹ کا احساس کم ہو جاتا ہے۔ اسی طرح وہ افراد جو “ریسٹ لیس لیگ سنڈروم” یعنی ٹانگوں میں بے چینی یا کھچاؤ کا شکار ہوتے ہیں، انہیں بھی کھلے پاؤں کے ساتھ سونے سے کچھ سکون مل سکتا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ بعض لوگ درجہ حرارت، کپڑوں یا وزن کے معاملے میں زیادہ حساس ہوتے ہیں۔ ایسے افراد کے لیے ٹھنڈی ہوا کا ہلکا سا احساس ذہنی سکون اور آرام کا باعث بنتا ہے۔ طبی ماہرین اس بات پر متفق ہیں کہ نسبتاً ٹھنڈا ماحول اور متوازن جسمانی درجہ حرارت بہتر اور گہری نیند میں مدد دیتا ہے۔ تاہم اگر کسی شخص کو مستقل بے خوابی یا نیند سے متعلق دیگر مسائل کا سامنا ہو تو اسے ڈاکٹر سے مشورہ ضرور کرنا چاہیے۔






