وزیراعظم شہباز شریف نے گلگت بلتستان اسمبلی میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے اراکین اسمبلی کی تجاویز کا جائزہ لینے کے لیے نائب وزیراعظم اور وزیرخارجہ اسحاق ڈار کی سربراہی میں کمیٹی تشیکیل دے دی اور کہا کہ گلگت بلتستان کی تعمیر و ترقی وفاقی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کی تعمیر و ترقی وفاقی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور علاقے میں بنیادی ڈھانچے، مواصلات، توانائی، تعلیم، صحت، سیاحت اور روزگار کے مواقع بڑھانے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ اسلام آباد میں پاکستان مسلم لیگ (ن) سے تعلق رکھنے والے گلگت بلتستان اسمبلی کے اراکین سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام نے ہمیشہ پاکستان سے محبت، وفاداری اور قومی یکجہتی کا عملی ثبوت دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے منتخب نمائندے ہونے کے ناطے اراکین اسمبلی کے ذریعے عوامی مسائل، توقعات اور ترجیحات سے براہ راست آگاہی حاصل ہوتی ہے، سیاسی وابستگی سے بالاتر ہو کر حکومت کا مقصد عوام کی خدمت اور ان کی زندگی میں آسانیاں پیدا کرنا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ گلگت بلتستان کے قدرتی وسائل، سیاحتی مقامات اور معدنی ذخائر کو بروئے کار لا کر مقامی معیشت کو مزید مضبوط بنایا جائے گا جبکہ نوجوانوں کو معیاری تعلیم، جدید فنی تربیت اور باعزت روزگار کی فراہمی حکومت کی اہم ترجیح ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان میں چار دانش اسکول تعمیر کے آخری مراحل میں ہیں اور آئندہ سال ان میں کلاسز کا آغاز ہو جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ شمسی توانائی سے 100 میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کے منصوبے پر بھی تیزی سے کام جاری ہے، وفاقی حکومت گلگت بلتستان میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ شہباز شریف نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی اور گلیشیئرز سے متعلق پیشی اطلاع کا نظام بھی نصب کیا گیا ہے تاکہ مقامی آبادی کو بروقت آگاہی فراہم کی جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ عوامی مسائل کے حل، بہتر طرز حکمرانی اور شفافیت کے فروغ کے لیے وفاقی اور مقامی قیادت کے درمیان مؤثر رابطہ ناگزیر ہے۔ انہوں نے اراکین اسمبلی کی تجاویز اور سفارشات کو اہم قرار دیتے ہوئے تعمیری کردار ادا کرنے پر زور دیا اور کہا کہ مشترکہ کوششوں سے گلگت بلتستان کو ترقی، خوش حالی اور پائیدار استحکام کی نئی منزلوں تک پہنچایا جائے گا۔ وزیراعظم نے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی سربراہی میں ایک کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی جو اراکین اسمبلی کی جانب سے پیش کی گئی قابل عمل تجاویز کا جائزہ لے کر رپورٹ پیش کرے گی۔ کمیٹی میں وزیر برائے امور گلگت بلتستان و کشمیر امیر مقام اور وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی و عوامی امور رانا ثنا اللہ بھی شامل ہوں گے۔ ملاقات میں نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ، وزیر برائے امور گلگت بلتستان و کشمیر امیر مقام اور وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی و عوامی امور رانا ثناء اللہ بھی شریک تھے۔






