تحریک انصاف کے 13 نظر بند کارکنان اڈیالہ جیل سے رہا

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے نظر بند 13 کارکنان کو اڈیالہ جیل سے رہا کر دیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان تحریک اںصاف (پی ٹی آئی) کے نظر بند 13 کارکنان کو اڈیالہ جیل سے رہا کردیا گیا، جن کی نظربندی کی مدت مکمل ہوگئی تھی۔ جیل ذرائع کا کہنا ہے کہ کارکنان کو نظر بندی مدت مکمل ہونے پر اڈیالہ جیل سے رہا کیا گیا، گزشتہ 2 روز میں 19 کارکنان کو اڈیالہ جیل سے رہا کیا گیا۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ ضلعی انتظامیہ کے احکامات پر نقص امن کے پیش نظر کارکنان کو حراست میں لیا گیا تھا۔ یاد رہے کہ 9 مئی کو پاکستان تحریک انصاف کے چئیرمین کو القادر ٹرسٹ کیس میں اسلام آباد سے گرفتار کیا گیا تھا جس کے فوری بعد ہی ملک کے مختلف شہروں میں پرتشدد احتجاج کا سلسلہ شروع ہوا تھا۔ ان مظاہروں کے نتیجے میں توڑ پھوڑ، سرکاری و عسکری املاک سمیت کئی اہم عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا، ان مظاہروں کے دوران اور بعد میں تحریک انصاف کے رہنماؤں اور کارکنوں کو ایم پی او کے تحت گرفتار کیا گیا تھا۔